پریس ریلیز
امریکہ کا ایک مکمل دورہ: توہین، التجا، قانونی حیثیت، سمجھوتے، اور نئے کردار!
(مترجم)
ترک صدر ایردوان کا امریکہ کا اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاسوں میں شرکت کے لیے دورہ ایک شرمناک منظر تھا، نہ صرف ان کے لیے بلکہ تمام ممالک کے رہنماؤں کے لیے بھی۔ متکبر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جنرل اسمبلی میں خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ امریکہ سیاسی، عسکری اور اقتصادی طور پر "دنیا کا سب سے بڑا اور طاقتور ملک" ہے، اور یہ کہ انہوں نے اپنے آٹھ ماہ کے دور حکومت میں دنیا پر 17 ٹریلین ڈالر کا اضافی ٹیکس عائد کیا ہے، اور یہ کہ امریکہ بہترین حالت میں ہے جبکہ باقی ممالک "جہنم کی طرف گامزن" ہیں، اور یہ کہ اقوام متحدہ کے فیصلے بے فائدہ ہیں، جیسا کہ انہوں نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے سات مہینوں میں سات جنگیں ختم کر دیں۔ اور یہ کہ 7 اکتوبر 2023 "حماس کے دہشت گردوں کی وحشت" تھی، یہ مانتے ہوئے کہ حل فوری طور پر قیدیوں کی رہائی میں مضمر ہے، اور مزید کہا کہ دنیا میں سب سے زیادہ ظلم و ستم کا نشانہ بننے والا مذہب عیسائیت ہے۔ ٹرمپ نے اپنی تقریر میں لاطینی امریکہ سے لے کر اسلامی ممالک، اور یورپ سے لے کر روس تک تمام ممالک کی توہین کی، امریکی تکبر کو بلند آواز میں پیش کیا، جبکہ ممالک کے نمائندوں نے ہال میں ان بیانات پر تالیاں بجائیں!
پھر امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کی باری آئی، جنہوں نے کھل کر ترکی کے بارے میں بات کی، کہا کہ جو رہنما ٹرمپ سے ملنے جاتے ہیں وہ غزہ کے مسئلے کو حل کرنے کے لیے امریکہ سے التجا کرتے ہیں، اور یہ کہ وہ وائٹ ہاؤس سے باہر جو چاہیں کہتے ہیں، لیکن آخر کار وہ اس کی طرف بھاگتے ہیں، انہوں نے مزید کہا کہ ایردوان بھی وائٹ ہاؤس آئیں گے، اور یہ کہ تمام رہنما ٹرمپ سے ملاقات اور مصافحہ کرنے کے لیے پانچ منٹ حاصل کرنے کی التجا کرتے ہیں۔ ترکی میں امریکہ کے سفیر، ٹام باراک نے کہا کہ ٹرمپ ایردوان سے تنگ آ چکے ہیں، لیکن وہ انہیں وہ قانونی حیثیت دیں گے جس کی انہیں ضرورت ہے، انہوں نے اشارہ کیا کہ مسئلہ S-400 یا F-16 طیارے نہیں ہیں، بلکہ سب سے پہلے "قانونی حیثیت" ہے۔
ٹرمپ اور ایردوان کی ملاقات اس توہین آمیز ماحول میں ہوئی۔ دورے سے قبل میڈیا نے استنبول میں ٹرمپ کے بیٹے اور ایردوان کے درمیان خفیہ ملاقات کے بارے میں بات کی تھی، جس میں ملاقات کے لیے وقت مقرر کرنے کے بدلے 300 بوئنگ طیارے خریدنے پر اتفاق ہوا تھا۔ جبکہ دوسرے رہنما پانچ منٹ کے لیے التجا کر رہے تھے، ٹرمپ اور ایردوان کے درمیان ملاقات پورے دو گھنٹے جاری رہی۔ اس ملاقات کے دوران، ٹرمپ نے اپنے بیانات میں یہودی ریاست اور غزہ کے بارے میں ایک لفظ بھی نہیں کہا، نہ ہی انہوں نے پادری برانسون کے معاملے کی یاد دہانی کرائی، یا جعلی انتخابات کی طرف اشارہ کیا۔ بلکہ ملاقات میں انتہائی پیچیدہ اور مہنگے معاملات پر بات کی گئی، جن میں شامل ہیں: شام، یوکرین، F-16 اور F-35 طیاروں اور فوجی گولہ بارود کی فروخت، امریکہ کے مخالفین کے خلاف پابندیاں، اور گیس سے مالا مال جغرافیائی محل وقوع کے باوجود ترکی کی طرف سے دنیا کے دوسرے سرے سے 20 سال کے لیے 45 بلین ڈالر کی مائع قدرتی گیس کی خریداری، جوہری توانائی، ہالک بینک کا معاملہ، اور ہیبلی ادا میں راہبوں کا اسکول۔ لیکن ان ملاقاتوں کی تفصیلات ابھی تک ظاہر نہیں کی گئی ہیں، جبکہ ٹرمپ نے کہا: "آپ کو صدمہ ہوگا جب آپ کو معلوم ہوگا کہ ہم نے ایردوان سے کیا بات کی"۔ یہ بات قابل ذکر تھی کہ ٹرمپ نے ذاتی طور پر دروازے پر ایردوان کا استقبال کیا، ان کے لیے کرسی کھینچی، ان پر تعریفوں کی بارش کی، ان کے ساتھ طویل ملاقات کی، پھر ملاقات کو "شاندار" قرار دیتے ہوئے انہیں الوداع کہا، یہ منظر سمجھوتوں کی مقدار اور مسلط کردہ کردار کو ظاہر کرتا ہے۔
کسی بھی ایسے ملک کا اتحاد جس کے باشندے مسلمان ہوں، امریکہ کے ساتھ، جو اسلام اور مسلمانوں کا واضح دشمن ہے، اور اسلامی ممالک میں رونما ہونے والی تمام وحشتوں میں شریک ہے، اور غزہ کی نسل کشی میں ملوث ہے، اور یہودی ریاست کا مطلق حامی ہے، بالکل بھی قابل قبول نہیں ہے۔ اسی طرح متکبر امریکی صدر ٹرمپ، جو دنیا کی توہین اور اسے بلیک میل کرتا ہے، کے ساتھ "دوست" جیسا سلوک کرنا، اور ملاقات کے لیے اتنے سمجھوتے کرنا، بالکل بھی قابل قبول نہیں ہے۔ مزید برآں، وزیر خارجہ روبیو کا جواب دینے کے بجائے، نظامت مواصلات کی طرف سے فاکس نیوز پر ایردوان کے بیانات کی وضاحت کرنا انتہائی شرمناک ہے۔ ٹرمپ سے ملاقات کے لیے یہ ذلت ہمارے مستقبل اور ہمارے ملک کو رہن رکھنے اور دن دہاڑے خدا، اس کے رسول اور غزہ سے غداری کے مترادف ہے۔
ترکی میں حزب التحریر کا میڈیا آفس