خبروں پر ایک نظر 07-08-2025
نیتن یاہو نے غزہ پر قبضہ کرنے اور اس کے مزید باشندوں کو قتل کرنے کا وعدہ کیا اور ٹرمپ نے اسے گرین لائٹ دے دی
ریاست یہود نے غزہ کی مکمل پٹی پر قبضہ کرنے کا وعدہ کیا۔ 5/8/2025 کو اعلان کیا گیا کہ اس کے وزیر اعظم نیتن یاہو نے اس سلسلے میں مشاورت کی ہے اور بعد میں اس سے متعلقہ فیصلے کا اعلان کریں گے۔ واضح رہے کہ وہ 22 ماہ سے اس پٹی کو تباہ کرنے اور اس کے باشندوں کو ختم کرنے کے لیے کام کر رہا ہے، جہاں اس نے 80 فیصد سے زیادہ گھروں، سکولوں اور ہسپتالوں کو تباہ کر دیا ہے، اور وہ خیموں، گلیوں اور امدادی تقسیم کے مراکز کے قریب لوگوں پر حملہ کر رہا ہے، اور وہ اور اس کی فوج غزہ کے لوگوں کے خون سے سیر نہیں ہوئے۔
اس کے بعد امریکی صدر ٹرمپ نے غزہ پر قبضے کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا: "میں غزہ پر قبضے کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتا اور یہ اسرائیل پر منحصر ہے"، واضح رہے کہ انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ ریاست یہود کو غزہ پر قبضہ کر کے وسعت دینا چاہتے ہیں، اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ اس کے باشندوں کو بے گھر کرنے اور اسے ایک تفریحی مقام میں تبدیل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے بعد مغربی کنارے کی باری آتی ہے، اور وہ بالفعل آ چکی ہے، جہاں آباد کار فوج کے پہرے میں اس کے دیہاتوں پر حملہ کر کے ان کی زمینوں پر قبضہ کر رہے ہیں، اور اسی طرح وہ مسجد اقصیٰ پر قبضہ کرنے کے لیے کام کر رہے ہیں، جہاں وہ اس میں گھس کر اپنی نمازیں اور جادو ٹونے کرتے ہیں اور ناچتے گاتے ہیں۔
دوسری طرف اسلامی ممالک میں قائم نظاموں کے رہنماؤں کو ایسا لگتا ہے کہ غزہ خاص طور پر اور فلسطین عام طور پر ان کے لیے کوئی معنی نہیں رکھتے اور انہوں نے اس کا اور اس کے باشندوں کا مقدر اس کے دشمنوں، امریکہ اور ریاست یہود کے ہاتھوں میں دے دیا ہے، جو چاہیں کریں۔ ان میں احساس ختم ہو چکا ہے اور ان میں فلسطین کو آزاد کرانے کے لیے فوجیں حرکت میں لانے کی ادنیٰ سی بھی مردانگی، بہادری اور حمیت باقی نہیں رہی۔
-----------
شامی صدر نے نوآبادیاتی ممالک کے اقدامات کے لیے آمادگی کا اعلان کر دیا
شامی عرب خبر رساں ایجنسی (سانا) نے 5/8/2025 کو بتایا کہ شامی صدر احمد الشرع نے اپنے وزیر خارجہ اسعد الشیبانی اور انٹیلی جنس کے سربراہ حسین سلامہ کی موجودگی میں برطانوی قومی سلامتی کے مشیر کا استقبال کیا اور دو طرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے اور خطے کے امن و استحکام کی حمایت کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔
ایجنسی نے بتایا کہ احمد الشرع نے ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا کہ "شام کسی بھی مخلصانہ اقدام کے لیے کھلا ہے جو خطے کے امن و استحکام کی حمایت کرے بشرطیکہ وہ اس کی خودمختاری اور آزاد قومی فیصلے کا احترام کرے۔"
وہ نوآبادیاتی ممالک کے ان اقدامات کو قبول کرنے پر زور دے رہے ہیں جن کا مقصد خطے کے نام نہاد امن و استحکام کو یقینی بنانا ہے، یعنی ان نظاموں کو برقرار رکھنا جو ان نوآبادیاتی ممالک نے قائم کیے ہیں، اور اسی طرح فلسطین پر غاصب ریاست یہود کا قبضہ برقرار رکھنا ہے۔ جیسا کہ انہوں نے اور ان کے وزیر خارجہ شیبانی نے ایک سے زیادہ بار اس بات کی تصدیق کی ہے کہ وہ ریاست یہود کے ساتھ امن چاہتے ہیں اور اس لیے وہ حال ہی میں آذربائیجان اور فرانس میں ریاست یہود کے عہدیداروں سے ملے ہیں اور انہوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ جولان کو آزاد کرانے، جنوبی شام سے فوج یہود کو نکالنے اور ان کے دروزی ایجنٹوں کو ختم کرنے کے لیے جنگ نہیں کرنا چاہتے۔
واضح رہے کہ السویدا گورنریٹ سے مسلمان بدوی قبائل کو ریاست یہود اور ان کے دروزی ایجنٹوں کے لیے امن و امان یقینی بنانے کے لیے بے دخل کیا جا رہا ہے۔ 5/8/2025 کو اعلان کیا گیا کہ السویدا گورنریٹ سے بے دخل کیے جانے والے بدوؤں کی تعداد 150,000 تک پہنچ گئی ہے۔ اس طرح احمد الشرع کی سربراہی میں شامی حکومت امریکہ اور یہود کے احکامات کی تعمیل کی تصدیق کرتی ہے کہ وہ علاقے کو مسلمانوں سے خالی کرائیں اور اسے ریاست یہود کے لیے ایک محفوظ اور مستحکم علاقہ بنائیں، جس کے ساتھ دروزی ایجنٹ تعاون کرتے ہیں، جیسے حکمت ہجری کی ملیشیا، جس نے ریاست یہود سے وفاداری کا اعلان کیا ہے۔
برطانوی سیکیورٹی کے بڑے عہدیدار کا یہ دورہ برطانوی وزیر خارجہ ڈیوڈ لامی کے شام کے دورے اور 4/7/2025 کو احمد الشرع کے ساتھ ان کی ملاقات کے بعد ہوا ہے۔
برطانیہ ایک قدیم نوآبادیاتی ریاست ہے جس نے شام میں اپنا اثر و رسوخ دوبارہ حاصل کرنے کی کوششوں سے کبھی دستبردار نہیں ہوا اور وہ اسلام، مسلمانوں اور ان کے ممالک کے خلاف نوآبادیات کی زنجیروں سے آزاد ہونے سے روکنے کے لیے کام کرنے سے باز نہیں آتا اور اسی نے بلاد الشام کو تقسیم کر کے ریاست یہود کو اس ملک کے باشندوں پر حملہ کرنے کے لیے قائم کیا تھا۔ اور اسی نے استنبول میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے خلافت کو منہدم کیا اور فرانس کی مدد سے تمام اسلامی ممالک کو تقسیم کر دیا اور اس کی سرحدیں کھینچ کر اس میں فکر، سیاست، تعلیم اور معیشت میں مغرب کے تابع نظام قائم کر دیئے۔
-----------
ترک پارلیمنٹ نے کردستان ورکرز پارٹی کو غیر مسلح کرنے کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی
ترک پارلیمنٹ نے 5/8/2025 کو 48 اراکین پر مشتمل ایک خصوصی کمیٹی تشکیل دی جس کا نام "قومی یکجہتی، بھائی چارے اور جمہوریت کمیٹی" رکھا گیا تاکہ کردستان ورکرز پارٹی کو غیر مسلح کرنے کی نگرانی کی جا سکے۔ پارلیمنٹ کے اسپیکر نعمان کورتولموش نے کہا کہ "کمیٹی کا آئین میں ترمیم سے کوئی تعلق نہیں ہے اور آئین کے پہلے تین آرٹیکلز سے کوئی تعرض نہیں کیا جائے گا جو ترک جمہوریہ، اس کے پرچم اور اس کی زبان کی خصوصیات کی وضاحت کرتے ہیں۔" یعنی وہ اور ان کی جماعت جسٹس اینڈ ڈیولپمنٹ پارٹی جس کی سربراہی اردوغان کر رہے ہیں ان تین مضامین کو برقرار رکھنے کے خواہاں ہیں جو سیکولرازم، جمہوریت، قوم پرستی، کمالیت اور عمومی آزادیوں کے اعتبار سے ریاست ترکی کی اسلام کے مخالف خصوصیات کی نشاندہی کرتے ہیں۔
کردستان ورکرز پارٹی کے رہنما عبداللہ اوجلان کی ایک ویڈیو 9/7/2025 کو نشر ہوئی جس میں انہوں نے کہا کہ وہ اپنی جماعت کی جانب سے ہتھیار ترک کرنے کے عمل کو تیز کرنے کا وعدہ کرتے ہیں اور کہتے ہیں: "پارٹی قومی ریاست (کرد ریاست) کے ہدف سے دستبردار ہو چکی ہے، اور اس لیے جنگ کی حکمت عملی سے بھی دستبردار ہو چکی ہے۔ موجودہ تاریخی مرحلے میں مزید پیش رفت کی امیدیں ہیں۔"
اسی لیے انہوں نے ہتھیار پھینکنے کے عمل کو تیز کرنے کا مطالبہ کیا اور کہا: "جہاں تک ہتھیار پھینکنے کا تعلق ہے تو مناسب طریقے متعین کیے جائیں گے اور تیز رفتار عملی اقدامات کیے جائیں گے۔" اس کو حاصل کرنے کے لیے انہوں نے ذکر کیا کہ "ترک پارلیمنٹ کے اندر رضاکارانہ طور پر اور قانونی فریم ورک کے اندر ہتھیار جمع کرنے کے لیے ایک کمیٹی تشکیل دی جا رہی ہے اور یہ بہت اہم بات ہے۔"
اوجلان اور ان کی جماعت اپنی ذاتی اور قومی مقاصد کے حصول کے لیے مسلح جدوجہد ترک کرنے کا اعلان کرتے ہیں تاکہ وہ سیاسی عمل کے ذریعے ان کو حاصل کرنے کے لیے کام کریں۔ اس مسلح کارروائی میں 40 سال سے زائد عرصے میں دونوں جانب سے 40,000 سے زائد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ واضح رہے کہ ان کے نظریات بھی ترک نظام پر مسلط افراد کی طرح قوم پرستی، سیکولرازم اور جمہوریت پر مبنی ہیں اور یہ سب جاہلیت کے بدبودار نظریات ہیں جو اسلام کے مخالف ہیں اور قومی مسئلے کا حل نہیں ہیں بلکہ مستقبل میں بھڑکانے کے لیے اسے مزید گہرا کرتے ہیں۔ اس مسئلے کا حل صرف اسلام ہے کیونکہ یہ قوموں کو ایک سانچے میں ڈھالتا ہے اور ان کی نسلوں، قومیتوں اور رنگوں میں کوئی امتیاز نہیں کرتا۔

