اخبار پر ایک نظر 19-10-2025
کیان یہود نے رفح کراسنگ کھولنے سے انکار کر دیا
الجزیرہ نیٹ، 19/10/2025- کیان یہود کے وزیر اعظم نتن یاہو نے کہا کہ غزہ کی پٹی اور مصر کے درمیان رفح کراسنگ تا اطلاع ثانی بند رہے گی، اور اسے دوبارہ کھولنا حماس کی جانب سے یہودی قیدیوں کی لاشیں حوالے کرنے پر منحصر ہوگا۔
نتن یاہو کے یہ بیانات قاہرہ میں فلسطینی سفارت خانے کی جانب سے یہ اعلان کرنے کے بعد سامنے آئے ہیں کہ رفح کراسنگ کل پیر سے "مصر میں مقیم فلسطینیوں کو جو غزہ کی پٹی واپس جانا چاہتے ہیں، سفر کرنے کے قابل بنانے" کے لیے دوبارہ کھول دیا جائے گا۔
حماس نے ایک بیان میں کہا کہ جنگی مجرم نتن یاہو، جنہیں بین الاقوامی فوجداری عدالت میں مطلوب ہے، کا یہ فیصلہ کہ "رفح کراسنگ کو تا اطلاع ثانی بند رکھا جائے گا، جنگ بندی معاہدے کی شرائط کی صریح خلاف ورزی اور ثالثوں اور ضامنوں کے سامنے کیے گئے وعدوں سے انحراف ہے۔"
دوسری جانب، امریکہ کی وزارت خارجہ نے نتن یاہو پر تنقید کرنے کے بجائے ہفتے کے روز دیر گئے کہا کہ اسے معتبر اطلاعات ملی ہیں جن سے اشارہ ملتا ہے کہ حماس کی جانب سے غزہ کے باشندوں کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی ہونے والی ہے۔
وزارت نے ایک بیان میں مزید کہا کہ "اگر حماس نے یہ حملہ جاری رکھا، تو غزہ کے باشندوں کے تحفظ اور جنگ بندی کی سالمیت کو برقرار رکھنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔" تاہم، اس نے مبینہ حملے کے حوالے سے کوئی تفصیلات فراہم نہیں کیں، اور ہو سکتا ہے کہ یہ غزہ میں کیان یہود کے ایجنٹوں کے گروہوں پر حملہ ہو۔
-----------
قطر نے پاکستان اور افغانستان کے درمیان فوری جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کر دیا
العربیہ، 19/10/2025- قطری وزارت خارجہ نے اتوار کے روز اعلان کیا کہ پاکستان اور افغانستان نے قطر اور ترکی کی ثالثی میں دوحہ میں ہونے والے مذاکرات میں فوری طور پر جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، یہ معاہدہ ایک سابقہ جنگ بندی کے بعد پاکستانی فضائی حملوں میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کے بعد کیا گیا ہے۔
وزارت نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں فریقین نے مذاکرات کے دوران "فوری جنگ بندی پر اتفاق کیا ہے، اور ایسے میکانزم قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے جو دونوں ممالک کے درمیان امن اور پائیدار استحکام کو یقینی بنائیں۔" اس نے مزید کہا: "دونوں فریقین نے جنگ بندی کے تسلسل کو یقینی بنانے اور اس کے قابل اعتماد اور پائیدار نفاذ کی تصدیق کے لیے آنے والے چند دنوں میں فالو اپ میٹنگیں کرنے پر اتفاق کیا ہے۔"
پاکستان اور طالبان کی فوجوں کے درمیان وقتًا فوقتًا افسوسناک جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں، یہ جھڑپیں ڈیورنڈ لائن پر ہوتی ہیں جسے برطانوی استعمار نے دونوں ممالک کے درمیان حد بندی کے لیے بنایا تھا، اور اس نے پشتون برادری کو دونوں ممالک کی سرحدوں کے ساتھ دو حصوں میں تقسیم کرنے کی وجہ سے متعدد مسائل پیدا کیے ہیں، اور دونوں میں سے کسی بھی ملک نے متحد ہونے اور ایک دوسرے میں ضم ہونے کا کوئی جرات مندانہ فیصلہ نہیں کیا اور وہ سب مستعمرین کی ہدایات کے مطابق افغان اور پاکستانی کے طور پر تقسیم رہے، حالانکہ ان سب کا دین اور عقیدہ ایک ہے، اور ان کی اکثریت کی زبان بھی ایک ہے۔
امریکہ پاکستان سے طالبان پر دباؤ ڈالنا چاہتا ہے تاکہ اسے قابو کرنے اور امریکہ کے زیر اثر رکھنے میں مدد ملے، جبکہ پاکستان طالبان حکومت پر ہندوستانی ایجنڈے پر عمل کرنے، سرحدوں کو خطرہ کرنے اور پاکستانی فوجیوں پر حملہ کرنے کا الزام لگاتا ہے، طالبان ان الزامات کی تردید کرتے ہیں۔
------------
وال سٹریٹ جرنل: سوروس نے ٹرمپ کے ساتھ کشیدگی شروع ہونے کے بعد عطیات کی تقسیم میں اضافہ کر دیا
آر ٹی، 19/10/2025- وال سٹریٹ جرنل نے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ارب پتی جارج سوروس اور ان سے منسلک تنظیموں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے ساتھ کشیدگی کے بعد مختلف شعبوں میں اپنے عطیات میں اضافہ کر دیا ہے۔
اخبار نے لکھا: "انتظامیہ کی جانب سے خطرات بڑھنے کے ساتھ ہی، جارج اور ان کے بیٹے ایلکس سوروس پہلے سے کہیں زیادہ عطیات تقسیم کر رہے ہیں۔"
سوروس کی تنظیموں کے اخراجات سے باخبر ذرائع کے مطابق، اوپن سوسائٹی فاؤنڈیشن اس سال امریکہ سے لے کر افریقہ تک مختلف مسائل کے لیے 1.4 بلین ڈالر بطور عطیہ مختص کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔
رپورٹس میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ جارج سوروس نے خود کیلیفورنیا میں انتخابی حلقوں کو دوبارہ تقسیم کرنے کے لیے ڈیموکریٹک مہم کے لیے 10 ملین ڈالر کا عطیہ دیا ہے، جو دیگر مقامات پر ریپبلکن کی اسی طرح کی کوششوں کے جواب میں شروع کی گئی تھی۔ کہا جاتا ہے کہ یہ عطیہ کیلیفورنیا میں مہم کی حمایت کے لیے اب تک کا سب سے بڑا عطیہ ہے۔
نیویارک ٹائمز نے ستمبر میں بتایا کہ امریکی محکمہ انصاف نے متعدد کاؤنٹیز میں وفاقی وکلاء کو جارج سوروس سے وابستہ اوپن سوسائٹی فاؤنڈیشن کی سرگرمیوں کی تحقیقات کے لیے منصوبے تیار کرنے کا حکم دیا ہے۔
ٹرمپ نے بعد میں اشارہ دیا کہ سوروس اور لنکڈ ان کے شریک بانی ریڈ ہوفمین کو قانونی مسائل کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے اگر یہ ثابت ہو گیا کہ انہوں نے بائیں بازو کے بنیاد پرستوں کو مالی مدد فراہم کی ہے۔
یہ تنظیمیں دنیا کے کئی ممالک میں نارنجی انقلابات کی سب سے بڑی حامی تھیں، اور آج وہ خود امریکہ میں ٹرمپ کے خلاف انقلاب کی حمایت کرنے جیسا کام کر رہی ہیں، اس لیے ٹرمپ ان پر الزامات لگا رہے ہیں۔

