اسلام دشمن جمہوریت بحران کا شکار، اس کے باوجود مسلمانوں سے کہا جا رہا ہے کہ وہ اپنی ووٹوں سے اسے بچائیں!
(مترجم)
خبر:
ڈنمارک میں، جیسا کہ کئی دیگر مغربی ممالک میں بھی، عوامی اور سیاسی گفتگو تیزی سے اعلانیہ اسلام دشمن رجحانات سے متاثر ہو رہی ہے۔ دوبارہ ہجرت - غیر مغربی باشندوں کی ملک بدری - کے مباحثے حاشیائی تحریکوں سے نکل کر سیاسی بحث میں شامل ہو گئے ہیں۔ اسی دوران، انضمام کے متعلق گفتگو میں شدت آ گئی ہے، جہاں مسلمانوں کو تیزی سے ایک ایسے گروہ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے جسے یا تو مکمل طور پر ضم ہونا ہو گا یا پھر چھوڑ کر جانا ہو گا۔
اس معاندانہ ماحول کے باوجود، سیاستدان، سول سوسائٹی، اور یہاں تک کہ بعض اسلامی شخصیات بھی مسلمانوں پر زور دے رہے ہیں کہ وہ جمہوری عمل میں حصہ لے کر، خاص طور پر آنے والے مقامی اور قومی انتخابات میں، "ذمہ داری قبول کریں"۔ یہ دعوت ایسے وقت میں دی جا رہی ہے جب سیاسی ماحول تیزی سے جابرانہ اور اعلانیہ اسلام دشمن ہوتا جا رہا ہے۔ ایک ابتدائی حمایتی اشارے کے طور پر، مورٹن میسرشمٹ، ڈینش پیپلز پارٹی کے انتہائی دائیں بازو کے رہنما، جو اسلام اور مسلمانوں کے خلاف اپنے زہریلے نفرت انگیز بیانات کے لیے جانے جاتے ہیں، کو ڈینیبرگ تمغہ دیا گیا، جسے بہت سے لوگوں نے نسل پرستی اور پاپولزم کے لیے حکومتی حمایت قرار دیا۔ اس دوران، وسیع تر سیاسی منظر نامہ فکری انحطاط کا شکار ہے۔ روایتی جماعتیں عوام کا اعتماد کھو رہی ہیں، اور دائیں اور بائیں بازو دونوں ہی ایک دوڑ میں شامل ہیں، جو ہجرت اور اسلام کے معاملے میں سب سے زیادہ سخت گیر نظر آنے کے لیے مقابلہ کر رہے ہیں۔ توقع ہے کہ آنے والے پارلیمانی انتخابات مزید خطرناک ہوں گے، جہاں ایک ایسے نظام کے لیے اسلام اور مسلمانوں کو ایک بار پھر قربانی کا بکرا سمجھا جا رہا ہے جو گہرے بحران کا شکار ہے۔
تبصرہ:
مغربی جمہوریت سیاسی، اخلاقی اور فکری طور پر زوال پذیر ہے۔ یہ نظام، جو دہائیوں سے آزادی اور انصاف کا محافظ ہونے کا دعویٰ کرتا رہا ہے، اب اپنی حقیقت کو عیاں کر رہا ہے کہ یہ ایک بوسیدہ فکری منصوبہ ہے، جو حقیقی حل یا وژن کی عدم موجودگی میں، تسلط اور قانونی حیثیت کا لبادہ برقرار رکھنے کے لیے مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر اتر آیا ہے۔
ہم اب وہی علامات دیکھ رہے ہیں جو تاریخی طور پر بڑے انقلابات یا سماجی بدامنی سے پہلے ظاہر ہوتی ہیں: سیاسی اداروں پر گہرا عدم اعتماد، اصولی ہم آہنگی کا فقدان، اور ایک سیاسی گفتگو جو تیزی سے جارحانہ اور غیر معقول ہوتی جا رہی ہے۔ جب نظریات مر جاتے ہیں، تو شناخت کی سیاست جنم لیتی ہے، اور جب اصول ناکام ہو جاتے ہیں، تو قوم پرستی اور مصنوعی دشمن ان کی جگہ لے لیتے ہیں۔ اور آج، ماضی کی طرح، یہ دشمن اسلام ہے۔
بالکل ایسے ماحول میں، مسلمانوں کو اب پہلے سے کہیں زیادہ جمہوری نظام میں شامل ہونے کے لیے کہا جا رہا ہے۔ لیکن یہ کیسے ممکن ہے کہ جس وقت اسلام اور مسلمانوں پر اعلانیہ حملے ہو رہے ہیں، بلکہ انہیں ملک بدر کرنے کے امیدواروں کے طور پر زیر بحث لایا جا رہا ہے، عین اسی وقت مسلمانوں سے یہ مطالبہ کیا جائے کہ وہ اس نظام کو بااختیار بنائیں جو اس دشمنی کی منصوبہ بندی کر رہا ہے؟!
یہ تضاد ایک خطرناک وہم پر مبنی ہے: یہ خیال کہ جمہوریت ایک غیر جانبدار آلہ ہے جسے مسلمان اپنے فائدے کے لیے استعمال کر سکتے ہیں۔ درحقیقت، جمہوریت غیر جانبدار نہیں ہے۔ یہ ایک سیکولر نظام ہے، جہاں حاکمیت انسان کے لیے ہے، اللہ کے لیے نہیں۔ اس نظام کے تحت، اسلام کو نہ صرف عوامی دائرے سے خارج کر دیا جاتا ہے، بلکہ اسے ایک خطرے کے طور پر دیکھا جاتا ہے۔ اس نظام کی سیاسی حمایت نہ صرف غیر مؤثر ہے، بلکہ یہ اس حل کو مسترد کرنے کے مترادف ہے جو اللہ نے ہمارے لیے وضع کیا ہے، ﴿أَفَحُكْمَ الْجَاهِلِيَّةِ يَبْغُونَ وَمَنْ أَحْسَنُ مِنَ اللَّهِ حُكْماً لِّقَوْمٍ يُوقِنُونَ﴾۔
اپنی توانائیوں، وسائل اور امیدوں کو ایک ناکام اور معاندانہ نظام کی حمایت میں لگانے کے بجائے، مغرب میں مسلمانوں کو اس کام کی طرف رجوع کرنا چاہیے جس کا اللہ سبحانہ و تعالیٰ نے حکم دیا ہے، اور وہ ہے نبوت کے طریقے پر خلافت کا قیام۔ یہ نہ صرف ایک الہی فریضہ ہے، بلکہ یہ دنیا بھر میں مسلمانوں کی حقیقی ترقی اور مقامی طور پر ان کے وقار کے تحفظ کا واحد حقیقت پسندانہ اور مؤثر طریقہ ہے۔ وہ ریاست جو اسلام کو اپنا اصول بنائے گی، فوری طور پر عالمی گفتگو کو تبدیل کر دے گی، اور سیاسی قوتِ ارادی، فکری اور اقتصادی طاقت کے ذریعے احترام حاصل کرے گی۔ اسلام بیلٹ باکس کے ذریعے نہیں، بلکہ زندگی، معاشرے اور ریاست کے لیے ایک جامع نظام کو اپنانے سے اٹھے گا۔ اور مسلمانوں کو ایک مرتے ہوئے نظام میں ضم ہو کر نہیں بچایا جائے گا، بلکہ اسلام کی سلطنت کو بحال کر کے، تاکہ وہ ایک بار پھر عدل، حق اور نور کے ساتھ انسانیت کی رہنمائی کر سکے۔
یہ تحریر حزب التحریر کے مرکزی میڈیا آفس کے لیے لکھی گئی ہے
ابراہیم الاطرش