امریکہ نے عباس اتھارٹی پر پابندیاں عائد کر دیں اور یہودی ریاست نے مبارکباد دی
خبر:
امریکہ نے جمعرات کے روز اعلان کیا کہ وہ اتھارٹی اور تنظیم آزادی فلسطین کے عہدیداروں پر پابندیاں عائد کر رہا ہے اور یہودی ریاست کے ساتھ ان کے تنازع کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کی سزا کے طور پر امریکہ کے ویزے دینے سے انکار کر رہا ہے۔ یہودی ریاست کے وزیر خارجہ نے اس پر امریکہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا: "فلسطینی اتھارٹی کو ہمارے خلاف اکسانے کی قیمت ادا کرنی ہوگی۔" (العربیہ، 31/7/2025)
تبصرہ:
عباس اتھارٹی کی خفیہ ایجنسیاں مسلسل فلسطینیوں کو طلب کر کے ان سے یہودی ریاست کے خلاف اکسانے کے الزام میں تفتیش کرتی رہتی ہیں۔ یہ اس سے بڑا خفیہ مشن مکمل کرنے کے بعد ہے جس میں کسی بھی فلسطینی ہتھیار کو بے نقاب کرنا تھا جو قبضے کے خلاف استعمال ہو سکتا تھا۔ یہ مشن جاری ہے، بلکہ عباس اتھارٹی کے سیکورٹی اداروں نے جنین کیمپ میں مزاحمت کاروں سے جنگ کی اور اپنے ان افراد کو سزا دی جنہوں نے اس غلیظ مشن میں شامل ہونے سے انکار کیا۔ لوگ مساجد پر اس کی سختیوں اور خطیبوں کو غزہ میں یہودیوں کے قتل عام پر بات کرنے سے روکنے کی شکایت کرتے ہیں۔ عباس اتھارٹی ہر موڑ پر یہ ثابت کرتی ہے کہ وہ عرب حکومتوں کے سب سے غلیظ اور غدار نسخوں میں سے ایک ہے، اور یہ سب وہ امریکہ اور یہودی ریاست کی جانب سے قبول کیے جانے کی امید میں کر رہی ہے۔
لیکن واشنگٹن اور تل ابیب میں اتھارٹی کے آقاؤں اسے صرف اس وقت تسلیم کرتے ہیں جب یہ ان کے منصوبوں سے مطابقت رکھتا ہو۔ اپنے پہلے مرحلے میں، فلسطینی عوام کو زیر کرنے کے لیے اپنے اقدامات کے بدلے اتھارٹی نے واشنگٹن اور یہودیوں میں پذیرائی حاصل کی، اور یہ اس مرحلے کی ضروریات تھیں۔ لیکن جب 7 اکتوبر 2023 کے واقعات نے ثابت کر دیا کہ فلسطینی عوام دبنے اور زیر ہونے سے انکاری ہیں اور وہ ہمیشہ جدوجہد کرنے اور اپنے حقوق کا مطالبہ کرنے کا راستہ تلاش کرتے ہیں تو مغربی کنارے کے بعض علاقوں میں اپنی بظاہر کامیابی کے باوجود عباس اتھارٹی کی قدر کم ہو گئی اور یہودی ریاست نے غزہ کی پٹی اسے واپس کرنے سے انکار کر دیا۔
آج یہودی ریاست فلسطینی ریاست کے قیام سے انکار کر رہی ہے جس کے قیام کا اس نے تنظیم آزادی فلسطین کو نوے کی دہائی کے اوائل میں اوسلو معاہدے کے 5 سال بعد دھوکہ دیا تھا اور ٹرمپ انتظامیہ نے یہودی ریاست کے ان اقدامات کی حمایت کا اعلان کیا، بلکہ بعض مغربی ممالک جیسے فرانس کی جانب سے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کے دعوے کو بھی مسترد کر دیا، حالانکہ یہودی ریاست کے مغربی کنارے پر مکمل کنٹرول کے باعث اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، گویا امریکہ اور یہودی ریاست عباس اور اس کے حواریوں سے کہہ رہے ہیں کہ تمہارا کردار ختم ہو چکا ہے، اس لیے وہ ان کے ساتھ تنازع کو بین الاقوامی سطح پر لے جانے کے بہانے سزا دے رہے ہیں، حالانکہ یہ تنازع تو 1948 سے یعنی یہودی ریاست کے قیام سے ہی بین الاقوامی سطح پر موجود ہے۔
یہ اس غدار کا انجام ہے جو اپنی قوم اور امت کی پرواہ نہیں کرتا، لیکن اتھارٹی کے ہاں غداری کی گہرائی اسے مزید اور مزید سیکورٹی خدمات فراہم کرنے پر مجبور کرتی ہے تاکہ امریکہ اور یہودی ریاست اس کے عہدیداروں پر عائد پابندیوں پر نظر ثانی کریں، کیونکہ فلسطینی عوام کے ساتھ اتھارٹی کا راستہ مکمل طور پر مسدود ہو چکا ہے۔
اسے حزب التحریر کے مرکزی میڈیا آفس کے ریڈیو کے لیے لکھا گیا
بلال التمیمی