جوہری ہتھیاروں کا حصول اشد ضروری ہے
خبر:
ایرانی پاسداران انقلاب کے کمانڈر کے مشیر کا الجزیرہ کو بیان: ہمیں ایک غدار دشمن کا سامنا ہے، اور اس کی جارحیت کا اعادہ ممکن ہے، اور ہماری افواج طاقت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔ اگر اسرائیل نے ہماری ضربوں سے سبق نہیں سیکھا تو ہم اسے ایک اور زیادہ طاقتور سبق سکھائیں گے۔ (الجزیرہ "منصہ ایکس"، 2 جولائی 2025)
تبصرہ:
امت کے دشمن؛ غاصب ریاست، امریکہ اور دیگر بڑی طاقتیں جوہری ہتھیاروں کے مالک ہیں، اور ان دشمنوں کا مقابلہ کرنے اور انہیں روکنے کے لیے شرعی طور پر جوہری ہتھیاروں کا حصول اور اس کے لیے درکار تیاری ضروری ہے۔
تو سنجیدگی اور ذمہ داری کا احساس اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ چیلنج کی سطح کے مطابق اقدامات کیے جائیں، نہ کہ ایسے نعرے جو نہ تو دشمن کو خوفزدہ کریں اور نہ ہی جارح کو روکیں۔
اور ان اقدامات میں سے ایک بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی سے دستبرداری ہے، جو ویسے بھی غاصب ریاست پر کوئی اختیار نہیں رکھتی۔
اور ان اقدامات میں سب سے اہم مسلمانوں میں شرعی شعور کو عام کرنا اور علماء کی جانب سے اس سمت میں فتوے جاری کرنا ہے۔
اللہ تعالیٰ نے فرمایا: ﴿وَأَعِدّوا لَهُم مَا استَطَعتُم مِن قُوَّةٍ وَمِن رِباطِ الخَيلِ تُرهِبونَ بِهِ عَدُوَّ اللهِ وَعَدُوَّكُم وَآخَرينَ مِن دونِهِم لا تَعلَمونَهُمُ اللهُ يَعلَمُهُم﴾، تو جنگ کی تیاری فرض ہے، اور یہ تیاری اس انداز میں ظاہرہونی چاہیے کہ دشمن خوفزدہ ہوں، تو اللہ تعالیٰ کا یہ قول ﴿تُرْهِبُونَ﴾ تیاری کی علت ہے، اور یہیں سے فوج کے لیے ہتھیاروں، سازوسامان اور دیگر آلات کی فراہمی کا فرض آیا ہے، جن میں جوہری ہتھیار بھی شامل ہیں، تاکہ خوف پیدا ہو۔ اور آیت میں انتہائی باریکی کو مدنظر رکھنا چاہیے کہ اللہ نے تیاری جنگ کے لیے نہیں بلکہ دہشت پھیلانے کے لیے کی ہے اور یہ زیادہ بلیغ ہے کیونکہ دشمن کا مسلمانوں کی طاقت کو جاننا ہی اسے ان پر حملہ کرنے سے روکے گا اور ان کا مقابلہ کرنے سے روکے گا اور یہ جنگیں جیتنے اور فتح حاصل کرنے کا سب سے بڑا طریقہ ہے۔
اگر مسلم ممالک میں موجودہ نظام جوہری کلب میں داخل نہیں ہونا چاہتے یا نہیں ہو سکتے ہیں، تو مسلمانوں میں اس شعور کو عام کیا جائے کہ ایک ایسے نظام کا قیام ضروری ہے جو اس فریضے کو انجام دینے کا بیڑا اٹھائے، اور اس کے لیے درکار انسانی، مادی، سائنسی اور تکنیکی صلاحیتوں کی تیاری کرے۔ تو اس سمت میں اربوں کی سرمایہ کاری کرنا مغرب کی منڈیوں اور بینکوں میں اسے منجمد کرنے، یا سیاحتی سہولیات، فلک بوس عمارتوں اور کھیلوں کے کلبوں پر ضائع کرنے سے بہتر ہے۔
مرکزی میڈیا آفس حزب التحریر کے ریڈیو کے لیے لکھا گیا
م۔ اسامہ الثوینی