فلسطین آزادی کا انتظار کر رہی ہے نہ کہ صرف جارحیت کے خاتمے اور محاصرے کے اٹھائے جانے کا!
خبر:
یمن کے صدر المشاط نے غزہ میں ہمارے لوگوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا: موقف وہی ہے اور وہی رہے گا یہاں تک کہ جارحیت بند ہو جائے اور آپ پر سے محاصرہ اٹھا لیا جائے، چاہے چیلنج کا حجم کتنا ہی زیادہ کیوں نہ ہو۔
تبصرہ:
حوثی اتھارٹی کی سپریم پولیٹیکل کونسل کے صدر مہدی المشاط کا اہل غزہ کے لیے خطاب صنعاء پر 28/8/2025 کو جمعرات کے دن یہودیوں کے حملوں میں مارے جانے والوں کے لواحقین سے تعزیت کے سلسلے میں ان کے ایک خطاب کا حصہ تھا، جس میں صنعاء حکومت کے وزیر اعظم احمد غالب الرہوی اور ان کی حکومت کے کئی وزراء ہلاک ہو گئے تھے۔
فلسطین کے حوالے سے حوثیوں کے اقدامات یمن میں اپنے پیروکاروں کو ان کے امور کی دیکھ بھال نہ کرنے کے تناظر میں گمراہ کرنے کی پالیسی کا حصہ ہیں، اور یہ سادہ لوح لوگوں کو یہ تاثر دینے کے لیے ہے کہ وہ غزہ کے لوگوں کی حمایت اور مدد کے لیے جہاد کر رہے ہیں، جب کہ ان کی قیادت جانتی ہے کہ میزائل یا ڈرون لانچ کرنا، ان کے رہنما کا ہفتہ وار خطاب، اور ہر جمعہ کی شام کو میدان السبعین میں ان کا اجتماع نہ تو جارحیت کو روکے گا اور نہ ہی محاصرہ ختم کرے گا، کجا یہ کہ وہ فلسطین کو یہودیوں سے آزاد کرائیں اور اسے جڑ سے اکھاڑ پھینکیں۔
فلسطین کا مسئلہ تمام مسلمانوں کا مسئلہ ہے، نہ کہ ان کے حکمرانوں کا جنہوں نے اسے کم قیمت پر بیچ دیا ہے، اور وہ اس میں اپنی مکار اور خبیث چالیں استعمال کر رہے ہیں، کبھی عوام کو دھوکہ دے کر، کبھی طاقت کا استعمال کر کے، اور آخر میں تعلقات کو معمول پر لا کر، وہ مغرب کی خوشنودی کے پیچھے بھاگ رہے ہیں اور وہ ان سے کبھی راضی نہیں ہوں گے، جیسا کہ اللہ تبارک و تعالیٰ کا فرمان ہے: ﴿اور یہودی اور عیسائی تم سے ہرگز راضی نہ ہوں گے جب تک کہ تم ان کے مذہب کی پیروی نہ کرو، کہہ دیجیے کہ بے شک اللہ کی ہدایت ہی اصل ہدایت ہے، اور اگر تم نے اس علم کے بعد جو تم کو پہنچ چکا ہے ان کی خواہشات کی پیروی کی تو اللہ کے مقابلے میں نہ تو تمہارا کوئی دوست ہوگا اور نہ کوئی مددگار﴾۔
خلاصہ کلام یہ ہے کہ فلسطین اور تمام مقبوضہ مسلم ممالک کی آزادی، اے مہدی المشاط، تمام مسلمانوں کے لیے ایک ریاست کے وجود سے مشروط ہے جو فوجیں تیار کرے اور یہودیوں سے لڑنے کی تیاری کرے، جیسا کہ مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم نے صحیح الجامع میں ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث میں فرمایا: «قیامت اس وقت تک قائم نہیں ہو گی جب تک کہ مسلمان یہودیوں سے جنگ نہ کریں، اور مسلمان انہیں قتل کر دیں گے، یہاں تک کہ یہودی پتھر اور درخت کے پیچھے چھپ جائے گا، تو پتھر یا درخت کہے گا: اے مسلمان، اے اللہ کے بندے، یہ یہودی میرے پیچھے ہے، آؤ اور اسے قتل کرو۔ سوائے غرقد کے، کیونکہ وہ یہودیوں کا درخت ہے»۔ وہ ریاست حق اور عدل کی ریاست ہو گی، نبوت کے طریقے پر دوسری خلافت راشدہ جس کی بشارت صادق و امین نے حذیفہ بن الیمان رضی اللہ عنہ سے مروی حدیث میں دی ہے: «پھر نبوت کے طریقے پر خلافت ہو گی» پس اس کے قیام کے لیے کوشش کرنا سب سے بڑا واجب ہے، کیونکہ جو واجب بغیر اس کے پورا نہ ہو وہ بھی واجب ہے، اور یہی فلسطین کو آزاد کرانے اور اس کے لوگوں کی مدد کرنے کا شرعی طریقہ ہے، اور اللہ ہی مددگار ہے۔
حزب التحریر کے مرکزی میڈیا آفس کے ریڈیو کے لیے لکھا گیا۔
عبداللہ القاضی – ولایہ یمن