دو ریاستی حل، کوئی حل نہیں ہے
خبر:
اقوام متحدہ کے دو ریاستی حل کو بحال کرنے کے لیے منعقدہ ایک کانفرنس میں، جس کی صدارت سعودی عرب اور فرانس نے کی، تقریباً 125 ممالک نے شرکت کی، اور مغربی ممالک کے 15 وزرائے خارجہ نے فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے پر مثبت انداز میں غور کرنے کے لیے دستخط کیے، جو دو ریاستی حل کی جانب ایک بنیادی قدم ہے۔ وزرائے خارجہ نے مزید کہا کہ وہ تمام ممالک سے اس دعوت میں شامل ہونے کی اپیل کرتے ہیں جنہوں نے ابھی تک اس میں شرکت نہیں کی۔
نیویارک اعلامیہ، جس پر کانفرنس کے اختتام پر دستخط ہوئے، میں فلسطین اور یہودیوں کے درمیان تنازعہ اور غزہ پر جنگ کو ختم کرنے کے لیے ایک مرحلہ وار منصوبہ پیش کیا گیا ہے، جس کا اختتام ایک آزاد اور غیر مسلح فلسطینی ریاست پر ہوگا جو یہودیوں کی ریاست کے ساتھ امن سے رہے گی، اور بالآخر وسیع تر مشرق وسطیٰ میں ضم ہو جائے گی۔ (جریدة القبس، 31 جولائی 2025، با تصرف)
تبصرہ:
مذکورہ کانفرنس کا غزہ کے قتل عام کو روکنے اور عام طور پر فلسطین کے مسئلے میں کوئی بڑا اثر نہیں ہوگا، کیونکہ امریکہ جنگ کا اصل منتظم اور مسئلے کا بنیادی کھلاڑی غائب ہے۔ کانفرنس کے منتظمین یہ جانتے ہیں لیکن انہوں نے شاید محض رسم پوری کرنے کے لیے اپنی کانفرنس منعقد کی!
لیکن جو چیز واقعی اشتعال انگیز ہے وہ کانفرنس کا تنازعہ ختم کرنے اور اسے ایک آزاد غیر مسلح فلسطینی ریاست کے ساتھ ختم کرنے کے منصوبے کا اعلان ہے جو غاصب ریاست کے ساتھ امن سے رہے گی، یعنی اس کے ساتھ مکمل طور پر معمول پر لانے کا نسخہ ہے۔
میں دو ریاستوں کے اس نقطہ نظر کو رد کرنے میں زیادہ وقت نہیں لگاؤں گا، کیونکہ کوئی بھی سمجھدار شخص ان مجرموں اور قاتلوں کے ساتھ بقائے باہمی پر راضی نہیں ہوگا جنہوں نے قتل کا کوئی طریقہ نہیں چھوڑا جسے انہوں نے انجام نہ دیا ہو، ایک ایسے قتل عام اور مجزے میں جس کی تاریخ میں شاذ و نادر ہی کوئی مثال ملتی ہے۔
اور سب سے بڑھ کر، یہاں تک کہ اگر ہم یہ فرض کر لیں کہ غاصب ریاست نے قتل نہیں کیا، تباہ نہیں کیا، بھوکا نہیں مارا اور بے گھر نہیں کیا، تو بھی بابرکت سرزمین کے ایک انچ پر اس کے وجود کو قبول کرنا اس کے غصب کو تسلیم کرنا ہے اور یہ اللہ کی شریعت میں جرم اور منکر ہے۔
یہودیوں کی غاصب ریاست ایک مغربی سرطانی پیوند ہے، جسے خطہ اگل دے گا اور اسے جڑوں سے اکھاڑ پھینکے گا، اور اگر اس کے ساتھ معمول پر لایا جائے تو یہ حکومتوں کا معمول ہوگا نہ کہ عوام کا۔ مسلمان یقیناً اس منکر کو قبول نہیں کریں گے اور غاصبوں اور قاتلوں کے ساتھ بقائے باہمی نہیں کریں گے۔
اسے حزب التحریر کے مرکزی میڈیا دفتر کے ریڈیو کے لیے لکھا گیا۔
م۔ اسامہ الثوینی