نَفائِسُ الثَّمَراتِ
کیا آپ ذہنی سکون چاہتے ہیں؟
کیا آپ ذہنی سکون، شرح صدر، سکینت نفس، اطمینان قلب اور حسن متاع چاہتے ہیں؟
تو آپ استغفار کیجیے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
(اپنے رب سے مغفرت مانگو پھر اس کی طرف توبہ کرو وہ تمہیں ایک معین مدت تک اچھا سامان زیست دے گا) ھود: 3
کیا آپ جسمانی قوت، صحت بدن، اور بیماریوں، آفات اور امراض سے سلامتی چاہتے ہیں؟
تو آپ استغفار کیجیے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (اپنے رب سے معافی مانگو، پھر اس کی طرف توبہ کرو، وہ تم پر آسمان سے لگاتار بارش برسائے گا اور تمہاری قوت میں اور قوت کا اضافہ کرے گا) ھود: 52
کیا آپ آفات سے بچنا، حادثات سے سلامتی، اور فتنوں اور مصیبتوں سے امن چاہتے ہیں؟
تو آپ استغفار کیجیے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (اور اللہ ان پر عذاب کرنے والا نہیں ہے جب تک آپ ان میں موجود ہیں اور نہ ہی اللہ انہیں عذاب کرنے والا ہے جب تک وہ استغفار کرتے رہیں) الانفال: 33
کیا آپ موسلادھار بارش، نیک اولاد، صالح فرزند، حلال مال اور فراخ رزق چاہتے ہیں ..؟!
تو آپ استغفار کیجیے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (اپنے رب سے مغفرت مانگو، بیشک وہ بڑا معاف کرنے والا ہے۔ وہ تم پر آسمان سے لگاتار بارش برسائے گا۔ اور تمہیں مال اور بیٹوں سے مدد دے گا اور تمہارے لئے باغات بنائے گا اور تمہارے لئے نہریں جاری کرے گا) نوح: 10-12
کیا آپ گناہوں کی معافی، نیکیوں میں اضافہ اور درجات کی بلندی چاہتے ہیں؟
تو آپ استغفار کیجیے۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: (اور کہو کہ ہم بخشش چاہتے ہیں، ہم تمہاری خطائیں معاف کر دیں گے اور ہم نیکوکاروں کو زیادہ دیں گے) البقرۃ: 58
استغفار آپ کی کامیاب دوا ہے، اور گناہوں اور خطاؤں سے آپ کا مؤثر علاج ہے۔ اس لیے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیشہ استغفار کرنے کا حکم دیا اور فرمایا: "اے لوگو! اللہ سے توبہ کرو اور اس سے مغفرت مانگو، کیونکہ میں ہر روز اللہ سے سو بار توبہ کرتا ہوں اور اس سے مغفرت مانگتا ہوں۔" اسے امام احمد نے روایت کیا ہے۔
اے اللہ! ہمارے سردار محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور ان کی تمام آل و اصحاب پر رحمت نازل فرما۔
اور آپ پر اللہ کی سلامتی، رحمتیں اور برکتیں ہوں۔