مع الحدیث الشریف
کافر وہ ہے جسے شریعت کافر قرار دے
ہم آپ سب کو خوش آمدید کہتے ہیں، ہر جگہ موجود پیارے دوستو، آپ کے پروگرام "مع الحدیث الشریف" کی ایک نئی قسط میں اور ہم بہترین سلام سے آغاز کرتے ہیں، پس السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب کوئی شخص اپنے بھائی کو اے کافر کہتا ہے تو ان دونوں میں سے ایک اس کا مستحق ہو جاتا ہے، اگر وہ ایسا ہی ہے جیسا کہ اس نے کہا، ورنہ وہ اس پر لوٹ جاتا ہے۔" (متفق علیہ)۔
اے معزز سامعین!
یقینا بہترین کلام اللہ تعالی کا کلام ہے، اور بہترین ہدایت نبی محمد بن عبداللہ علیہ الصلوٰۃ والسلام کی ہدایت ہے، اما بعد،
یہ حدیث شریف ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ ہمارے تعامل کے طریقہ کار اور دوسروں پر حکم لگانے کے طریقہ کار کی طرف رہنمائی کرتی ہے۔ حدیث شروع ہوتی ہے: "جب کوئی شخص اپنے بھائی سے کہے"۔ حدیث میں "بھائی" کا ذکر اس کافر کو مستثنیٰ کرنے کے لیے ہے جو اپنے کفر کا علانیہ اظہار کرتا ہے اور ہمیں اس کا علم ہوتا ہے... اس لیے جب ہم ایک دوسرے سے مخاطب ہوں تو ہمیں محتاط رہنا چاہیے، اور اس بارے میں بہت احتیاط سے سوچنا چاہیے کہ ہم دوسروں کو کس چیز سے بیان کرتے ہیں۔
حدیث میں ذکر ہے کہ جو شخص کسی دوسرے کو کفر سے متصف کرتا ہے اگر وہ اپنے وصف میں سچا ہے تو اس نے درست کہا، لیکن اگر اس کا وصف حقیقت کے مطابق نہیں ہے تو وہ گناہ میں پڑ گیا، اس لیے ہمیں کسی شخص پر کفر کا حکم لگانے میں جلدی نہیں کرنی چاہیے جب تک کہ ہم کافر کی شرعی حقیقت کو نہ جان لیں، اور کس پر کافر کا وصف لاگو ہوتا ہے، اور جس شخص پر ہم حکم لگا رہے ہیں اس میں صفت پائی جاتی ہے، اس لیے لوگوں کو دائیں بائیں کفر کا طعنہ نہ ماریں۔
ہمیں بہت احتیاط کرنی چاہیے کیونکہ کفر دل کے اعمال میں سے ہے جن کا جاننا ممکن نہیں ہے، پس اگر وہ کسی فعل یا قول سے جڑ جائے جس سے شریعت اس کے قائل کو کافر قرار دیتی ہے تو وہ کافر ہوگا، اس طرح ہم نے اپنے حکم کو شرعی حکم کے مطابق کر لیا اور گناہ میں پڑنے سے بچ گئے۔
ہم اللہ سے سوال کرتے ہیں کہ وہ ہماری زبانوں کو لغزشوں سے محفوظ رکھے، اور انہیں فیصلے صادر کرنے میں جلد بازی سے دور رکھے... آمین۔
ہمارے پیارے دوستو، اور جب تک ہم کسی اور نبوی حدیث کے ساتھ آپ سے ملتے ہیں، ہم آپ کو اللہ کی حفاظت میں چھوڑتے ہیں، اور السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ۔
ریڈیو کے لیے لکھا: ڈاکٹر ماہر صالح